کلکتہ:اہلیہ کے ترنمو ل کانگریس میں شامل ہونے کے بعد بی جے پی کے رکن پارلیمان اور بی جے پی یوتھ ونگ کے صدر سمترا خان نے کہا کہ آج کا دن ان کے لئے مایوسی والا دن ہے ۔ وہ اپنی اہلیہ سجاتا مترا خان کے اس قدم سے مایوس ہیں اور جب انہوں نے یہ قدم اٹھا لیا ہے تو میں نے بھی سجاتا منڈل کو طلاق دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بشنو پور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سمترا خان نے روتے ہوئے کہا کہ 'سجاتا نے جو کچھ قدم اٹھایا ہے ممکن ہے کہ ان کے لئے بہتر ہوگا مگر میرے تعلقات ان سےختم ہوگئے ہیں، میں جلد ہی ان کو طلاق کا نوٹس بھیجواؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں سجاتا نے ہی سمترا خان کے انتخابی مہم کی پوری ذمہ داری اٹھائی تھی۔ انتخابی مہم کے دوران ترنمول کانگریس کے خلاف سخت بیانات بھی دئے تھے ۔سجاتا بی جے پی میں بہت ہی زیادہ سرگرم تھیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ چند مہینوں سے سجاتا اور سمترا کے درمیان تعلقات بہتر نہیں تھے اور دونوں کے درمیان فاصلے بڑھ رہے تھے۔ اس درمیان سجاتا نے بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔