کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے علیم الدین اسٹریٹ میں واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے ریاستی جنرل سیکریٹری محمد سلیم نے اشارہ دیا کہ ساگردیگھی ماڈل کی بنیاد پر پنچایت انتخابات میں لفٹ فرنٹ اور کانگریس اتحاد بن سکتا ہے۔ اس کے لئے کوشش کی جا سکتی ہے۔
سی پی آئی ایم کے رہنما محمد سلیم نے کہاکہ ٹھوس حکمت عملی اور بلند حوصلوں کی بدولت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کو شکست دی جا سکتی ہے۔ ساگر دیگھی ضمنی انتخابات میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا بالکل ہو سکتا ہے۔
محمد سلیم اور پولٹ بیورو کے رکن سوجن چکرورتی نے مشترکہ طور پر پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممتابنرجی نے بی جے پی کو بنگال میں پیر پھیلانے میں مدد کی تھی۔ بنگال کے لوگ اب سمجھنے لگے ہیں۔ بنگال میں بھی ذات پات کی سیاست زوروں پر جاری ہے۔ انہوں نے لوگوں کو ذات پات کی بنیاد پر تقسیم کر رکھا ہے۔