کولکاتا کے نارکل ڈانگہ میں کینل کی دونوں جانب سینکڑوں جھونپڑیاں ہیں جن میں غریب افراد رہتے ہیں۔ نارکل ڈانگہ تھانہ کے قریب ہی اس بستی میں آج صبح آگ لگ گئی جس میں دیکھتے ہی دیکھتے 50 جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں۔
جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد بے گھر ہو گئے۔ فائر بریگیڈ کی دس گاڑیوں کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
گرچہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن متاثرین کے پاس اب ایک وقت کے کھانے کے لئے بھی کچھ نہیں بچا ہے۔
جھونپڑیاں چونکہ پلاسٹک اور لکڑی سے بنی ہوئے تھیں جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔ نارکل ڈانگہ تھانہ کے قریب ہونے کی وجہ سے پولیس کی مستعدی سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جلد موقع پر پہنچ گئیں۔ وقت پر سب کو باہر نکال لیا گیا۔ کسی کے بھی زخمی ہونے کی خبر نہیں ہے۔
لیکن ان جھونپڑیوں میں رہنے والوں کی تمام ضروری اشیاء آگ کی نذر ہوگئیں۔ ان کے ضروری دستاویزات بھی جل کر خاک ہوگئے۔