کولکاتا: کرناٹک میں جیت کے بعد ممتا بنرجی نے اب کانگریس پارٹی کی حمایت کی بات کہی ہے۔ ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ ٹی ایم سی ان ریاستوں میں کانگریس کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہے جہاں کانگریس مضبوط ہے۔ اس کے علاوہ ممتا نے کہا کہ کانگریس کو بنگال جیسی ریاستوں میں ٹی ایم سی کی مدد کرنی ہوگی۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ٹی ایم سی سربراہ ممتا بنرجی 2024 کے عام انتخابات کے فارمولے کو طے کرنے کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کے درمیان بات چیت شروع کرنا چاہتی ہیں۔
ریاستی سکریٹریٹ نبنا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'میں جادوگر نہیں ہوں اور نہ ہی نجومی ہوں۔ میں نہیں کہہ سکتی کہ مستقبل میں کیا ہوگا۔ لیکن میں آپ کو ایک بات بتا سکتی ہوں، جہاں علاقائی پارٹی مضبوط ہے، وہاں بی جے پی نہیں لڑ سکتی اور جہاں لوگ مایوس ہیں وہاں بھی بی جے پی کی شکست ہوگی۔ کرناٹک میں ڈالا گیا ووٹ بی جے پی حکومت کے خلاف مینڈیٹ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی معیشت بھی تباہ ہو چکی ہے، جمہوری حقوق کو بلڈوزر سے کچلا جا رہا ہے، پہلوانوں کی بھی بات نہیں سنی جا رہی۔ اس لیے اس صورت حال میں جو بھی علاقے میں مضبوط ہے اسے مل کر لڑنا چاہیے۔ فرض کریں کہ ہم بنگال میں مضبوط ہیں تو ہم بنگال میں لڑیں۔ کانگریس کو دہلی میں لڑنا چاہئے۔ نتیش جی اور تیجسوی بہار میں بھی ساتھ ہیں اور کانگریس بھی، یہ سب طے کر سکتے ہیں... اور اسی طرح دیگر ریاستوں میں بھی ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔