ریاست مغربی بنگال میں آج ترنمول کانگریس چھاتر پریشد کے یوم تاسیس کے موقع پر وزیر اعلی ممتا بنرجی نے ایک ورچول تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اب سے ہر برس سی ایم او دفتر میں 500 طلبہ کو انٹرن شپ کا موقع دیا جائے گا۔انٹرن شپ مکمل ہونے پر ان کو سند بھی دی جائے گی۔
انٹرن شپ کا مقصد طلبہ کو حکومت کے انتظامی امور سے واقف کرانا ہے تاکہ مشتقبل میں یہ ان کے کام آسکے۔
ترنمول کانگریس چھاتر پریشد کا آج یوم تاسیس ہے۔مغربی بنگال کے علاوہ دوسری ریاستوں میں بھی ترنمول چھاتر پریشد کے حامیوں نے یوم تاسیس کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا۔دوسری جانب کولکاتا میں کالی گھاٹ سے وزیر اعلی ممتا بنرجی نے ترنمول کانگریس چھاتر پریشد کے یوم تاسیس کے موقع پر ایک ورچول تقریب سے خطاب کیا۔
خطاب میں وزیر اعلی ممتا بنرجی نے اعلان کیا کہ وہ چاہتی ہیں کہ طلبہ ریاستی حکومت کے انتظامی امور سے واقف ہوں اس لئے ہر سال سی ایم او دفتر میں انٹرن شپ کے لئے 500 طلبہ کو منتخب کیا جائے گا، جو سی ایم او دفتر کے کام کاج کو سمجھنے کے لئے فیلڈ میں جائیں گے تاکہ انتظامی امور سے ان کی واقفیت ہوسکے۔