تیسری بار اقتدار میں آنے کے بعد ممتا بنرجی کی حکومت نے 2021 اسمبلی انتخابات سے قبل دوارے سرکار کیمپ کو متعارف کرایا تھا، جس کے تحت عام لوگوں کے لئے علاقے میں کیمپ لگاکر کئی اہم سرکاری دستاویزات اور حکومت کی فلاحی اسکیم میں اندراج کا کام کیا گیا۔
دوارے سرکار سے ممتا بنرجی کی مقبولیت میں اضافہ ممتا حکومت کی سواستو ساتھ اسکیم کو کافی مقبولیت حاصل ہوئی جس کا نتیجہ الیکشن کے نتائج میں صاف طور نظر آیا ہے۔
ممتا بنرجی بھوانی پور اسمبلی حلقہ سے ضمنی انتخابات میں مقابلہ کر رہی ہیں۔ نندی گرام میں شکست کے بعد وزیر اعلی کے عہدے پر بنے رہنے کے لئے اندرون چھ ماہ رکن اسمبلی کے طور پر منتخب ہونا لازمی ہے۔ جس کے نتیجے میں ممتا بنرجی بھوانی پور سے ضمنی انتخابات میں ایک بار پھر سے امیدوار ہیں۔
ان کا مقابلہ بی جے پی کی امیدوار پریانکا ٹبریوال اور سی پی آئی ایم کے رہنما سریجیب بسواس سے ہے۔ ممتا بنرجی کی دوارے سرکار اسکیم، جس کے تحت عام لوگوں کی پریشانیوں سے بچانے کی خاطر علاقے علاقے میں سرکاری طور پر کیمپ لگا کر حکومت کے فلاحی اسکیموں میں عام لوگوں کا اندراج کرایا گیا۔
عام طور پر ان سب کے لئے سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے پڑتے تھے۔ لیکن دوارے سرکار کیمپ کے ذریعے عام آدمی کے لئے یہ کام آسان بنا دیا گیا، جو نہایت کامیاب رہی۔ اب تک دوارے سرکار کیمپ میں تین کروڑ افراد نے پہنچ کر اس سے استفادہ حاصل کیا ہے۔
سواستو ساتھ کارڈ جس کے تحت پانچ لاکھ کا ہیلتھ انشورنس اور لکشمی بھنڈار اسکیم جس میں 25 سے 60 سال کے عمر کی خواتین کو ماہانہ 500 روپئے راست ان کے بینک کھاتے میں پہنچ رہا ہے۔
دوارے سرکار کیمپ میں ہر علاقے میں لوگوں کی بڑی بھیڑ نظر آئی۔ دوارے سرکار کیمپ پہنچ کر سرکاری فلاحی اسکیموں میں با آسانی رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہونے والے افراد اپنی خوشی کا اظہار کرتے نظر آئے اور ممتا بنرجی کی پذیرائی کرتے نظر آئے۔
ای ٹی وی بھارت نے دوارے سرکار کیمپ میں حکومت کے فلاحی اسکیموں میں اندراج کرانے والی کچھ خواتین سے بات کی۔
حدیقہ ناز نے بتایا کہ پہلے راشن کارڈ، سرٹیفیکٹ اور دوسرے سرکاری دستاویزات بنانے میں بہت مشکل پیش آتی تھی لیکن دوارے سرکار کیمپ میں ایک ہی جگہ پر یہ سب کام با آسانی ہو رہا ہے۔ ممتا بنرجی کا یہ اقدام بہت اچھا ہے، کیمپ میں ہماری مدد کی جا رہی ہے۔
ایک دیگر خاتون عائشہ عالم نے بتایا کہ دوارے سرکار کیمپ ہمارے لئے بہت سود مند ہے۔ راشن کارڈ، اپنے بچے کا آئی کارڈ، شری فارم لکشمی بھنڈار سب میں اندراج کرایا، حکومت کے اس کام سے بہت خوش ہیں۔ ممتا بنرجی ہر بار مغربی بنگال کی وزیر اعلی بنیں، ہم بہت خوش ہیں بلکہ ممتا بنرجی کو ہم دہلی میں دیکھنا چاہیں گے۔
آئندہ 30 ستمبر کو بھوانی پور اسمبلی حلقہ سے ضمنی انتخابات میں ممتا بنرجی امیدوار ہیں۔ اس الیکشن پر بھی دوارے سرکار کا صاف اثر دیکھا جا سکتا ہے۔ گذشتہ کچھ ماہ میں ممتا بنرجی کی مقبولیت میں بہت اضافہ ہوا ہے
یہی وجہ ہے کہ جب ممتا بنرجی بھوانی پور کے کوٹیا گوردوار پہنچی تو ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخاب میں ممتا کا کوئی مقابلہ نہیں: فرہاد حکیم
وارڈ نمبر 62 کی کوآرڈینیٹر ثنا احمد کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ ممتا بنرجی بھوانی پور سے ایک بڑے فرق کے ساتھ جیت حاصل کریں گی۔ چورنگی اسمبلی حلقہ کے لوگ بھی چاہتے تھے کہ ان کو ووٹ دیں۔ بھوانی پور کے لوگ خوش قسمت ہیں جو دیدی کو ووٹ دیں گے۔
اس بار دیدی کے مقابلے میں کوئی نہیں ہے۔ دوارے سرکار اور اس کے ذریعے مختلف فلاحی اسکیموں سے فیض یاب ہونے والے لوگ ممتا بنرجی کو وزیر اعظم کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔