کولکتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ ممتا بنرجی نے اتوار کو کہا کہ وہ نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنی ملاقات میں '100 دن کے کام' پروگرام سے متعلق زیر التواء فنڈز جاری کرنے کے ساتھ ساتھ بدھ کو دہلی میں ریاست سے متعلق مختلف معاملات کو اٹھائیں گی۔ ممتا بنرجی نے دہلی روانہ ہونے سے قبل نیتا جی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے (دم دم) پر نامہ نگاروں کو بتایاکہ ’’مرکز ہاؤسنگ اسکیم، صحت، منریگا اور دیگر مرکزی امدادی اسکیموں سے متعلق ہمارے واجبات جاری کرنے کے لیے کافی عرصے سے انتظار کرا رہا ہے۔ اب میں وزیراعظم سے ملاقات میں ان مسائل کو اٹھاؤں گی۔‘‘
ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکز یہاں تک چاہتا ہے کہ ہم تمام صحت مراکز کو زعفرانی رنگ دیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی عام لوگوں پر یہ مسلط کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ وہ کیا کھائیں اور کیا پہنیں۔ ایک سوال کے جواب میں ٹی ایم سی سربراہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں خلل ایک سنگین معاملہ ہے اور یہ سیکورٹی نظام میں ایک بڑی کوتاہی ہے۔ ممتا بنرجی دہلی میں اپنے چار روزہ قیام کے دوران کئی سرکاری اور سیاسی تقریبات میں شرکت کریں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ محترمہ بنرجی پیر کو بنگا بھون میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ٹی ایم سی ممبران پارلیمنٹ کی میٹنگ کی صدارت کریں گی۔ اسی دن وہ اپوزیشن جماعتوں کے کچھ قومی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گی۔