اردو

urdu

ETV Bharat / state

'ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر ممتا بنرجی تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ بنیں گی' - ترنمول کانگریس کے سینیئر رہنما

ترنمول کانگریس کے سینیئر رہنما اور رکن اسمبلی خالق ملا نے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر ہی ممتا بنرجی مسلسل تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ بننے والی ہیں۔

exclusive interview of tmc senior leader and mla khalique mollah
'ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر ممتا بنرجی تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ بنیں گی'

By

Published : Mar 10, 2021, 10:51 AM IST

مغربی بنگال کے ضلع جنوبی 24 پرگنہ کے گارڈن ریچ اور مٹیا برج میں اسمبلی انتخابات 2021 کی سرگرمیاں کافی تیز ہو گئی ہیں۔

'ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر ممتا بنرجی تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ بنیں گی'

ترنمول کانگریس کے سینیئر رہنما اور رکن اسمبلی خالق ملا نے ای ٹی وی بھارت سے ملاقات کے دوران ریاست کی موجودہ صورتحال اور اسمبلی انتخابات کو لے کر خصوصی بات چیت کی۔

ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی خالق ملا نے کہا کہ ممتا بنرجی ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر مسلسل تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ بننے والی ہیں، انہیں کوئی نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کہا کہ میں ممتا بنرجی کے ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگنے کے لئے گھر گھر جا رہا ہوں، لوگوں سے بے پناہ پیار اور حمایت مل رہی ہے۔

ترنمول کانگریس کے سینیئر رہنما کا کہنا ہے کہ جو لوگ پارٹی کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں وہ مفاد پرست عناصر ہیں۔ ان کے جانے سے پارٹی کو ذرہ برابر بھی فرق پڑنے والا نہیں ہے۔

رکن اسمبلی نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال میں ریاستی اسمبلی انتخابات ہونے والا ہے لیکن وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ تمام کام کاج چھوڑ کر بنگال کے دورے پر آ رہے ہیں۔ اس سے بی جے پی کو فائدہ کم ملک کو نقصان زیادہ ہوگا لیکن انہیں کسی بات کی کوئی فکر نہیں ہے۔

'کھیلا ہوبے' کے نعرے کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی خالق ملا کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم ہیں، وہ کچھ بھی کہہ سکتے ہیں لیکن انہیں اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دراصل 'کھیلا ہوبے' نعرہ ترنمول کانگریس کے کارکنان کی حوصلہ افزائی کے لئے ہے لیکن بی جے پی والوں نے اسے لے کر سیاست شروع کر دی۔

ترنمول کانگریس کے رہنما کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات 2021 میں کھیلا ہوبے اور اس کھیل میں بی جے پی کو شکست ہوگی۔

رکن اسمبلی کے مطابق یہ بات سچ ہے کہ مہنگائی عام لوگوں کے لئے گلے کی ہڈی بن چکی ہے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیراعلیٰ ممتا بنرجی مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر اتر چکی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے رہنما مغربی بنگال میں این آر سی، سی اے اے کا نام لے کر مغربی بنگال کے لوگوں کو ڈرانے دھمکانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، لیکن وزیراعلی ممتا بنرجی پہلے ہی کہہ چکی ہیں کہ بنگال میں کسی بھی قیمت پر این آر سی نافذ ہونے نہیں دیا جائے گا۔

غور طلب ہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل سی پول میں ممتا بنرجی کی قیادت میں تیسری مرتبہ حکومت بننے کا واضح اشارہ ملا ہے لیکن سیٹوں کے نقصان ہونے کی بات کہی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مغربی بنگال میں 294 سیٹوں کے لئے اسمبلی انتخابات اس مرتبہ آٹھ مراحل میں ہوں گے۔ 27 مارچ کو پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔

گزشتہ اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی کی قیادت والی حکمراں جماعت 294میں سے 211 سیٹز جیت کر اقتدار میں آئی تھی۔

الیکشن کمیشن نے اسمبلی انتخابات کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔ ریاست کے تمام اضلاع میں مرکزی فورسز کے جوانوں کی بوٹ مارچ کا سلسلہ جاری ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details