اردو

urdu

ETV Bharat / state

ممتا بنرجی کی رہائش گاہ پر انتخابی کمیٹی کی نشست آج - ای ٹی وی بھارت اردو

مغربی بنگال میں آٹھ مرحلوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں جس کے متعلق تمام ہی سیاسی جماعتیں اپنی تیاریوں کو عملی جامہ پہنا رہی ہیں۔

mamata banerjee
mamata banerjee

By

Published : Mar 1, 2021, 11:31 AM IST

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی آج کالی گھاٹ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتخابی کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت کریں گی۔

ذرائع کے مطابق کئی نشستوں کے متعلق امیدوار کے نام پر بات چیت ہو سکتی ہے۔ نشست میں بوتھ سطح پر پارٹی کی پالیسی اور کون رہنما انتخابات کے دوران کن علاقوں کی کمان سبھالیں گے، اس پر بھی بات چیت ہونے کی امید ہے۔

دوسری جانب سی پی آئی (ایم) کے زیرقیادت بائیں محاذ اور کانگریس پہلے ہی سیٹوں پر سمجھوتہ کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بائیں محاذ اور پیرزادہ عباس صدیقی کے آئی ایس ایف کے درمیان بات چیت بھی مکمل ہوگئی ہے اور وہ 30 نشستوں پر آئی ایس ایف کے الیکشن لڑنے پر راضی ہوگئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کانگریس اور انڈین سیکولر فرنٹ (آئی ایس ایف) کے درمیان بات چیت جاری ہے اور دونوں فریقوں کو امید ہے کہ کچھ نشستوں پر اختلافات دور ہوجائیں گے۔

سینئر کانگریس رہنما پردیپ بھٹاچاریہ نے کہا کہ بریگیڈ کی ریلی سے اسمبلی کیلئے ہماری مہم شروع ہوگی۔ ہم ترنمول کانگریس اور بی جے پی کی عوام دشمن اور فرقہ وارانہ سیاست کا متبادل دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پریس کا ایک طبقہ اور ترنمول کانگریس اور بی جے پی اس کو دو جہتی مقابلہ قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن یہ بنگال میں سہ رخی مقابلہ ہوگا۔

سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری، ریاستی کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری اور آئی ایس ایف کے صدیقی اس ریلی میں کلیدی تقریر کریں گے۔ کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے ریاستی سطح کے قائدین کے علاوہ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپش بگھیل بھی اس ریلی میں حصہ لیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاستی کانگریس اور بائیں بازو چاہتے تھے کہ راہل گاندھی یا پرینکا گاندھی واڈرا اس ریلی سے خطاب کریں، جس سے اس اتحاد کو تقویت ملے گی لیکن وہ کیرالہ انتخابات کے باعث اس ریلی سے دور ہیں۔ کیرالہ میں کانگریس کی زیرقیادت یو ڈی ایف اور ایل ڈی ایف کے مابین براہ راست مقابلہ ہے۔

واضح رہے کہ اس بار مغربی بنگال میں آٹھ مرحلوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ پہلے مرحلے کے لئے 27 مارچ کو 30 نشستوں پر ووٹنگ ہونی ہے۔ یکم اپریل کو 30، 6 اپریل کو 31، 10 اپریل کو 44، سترہ اپریل کو 45، 22 اپریل کو 43 اور 26 اپریل کو 36 و 29 اپریل کو 35 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details