کولکاتا: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے پیر کو بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی سے ملاقات کی۔ ریاستی سکریٹریٹ میں ہوئی اس ملاقات کے بعد نتیش کمار نے کہا کہ سی ایم ممتا کے ساتھ ہمارا دیرینہ رشتہ ہے۔ ہم نے ان کے دور حکومت میں ہونے والی ترقی دیکھی ہے۔ ساتھ ہی ممتا بنرجی نے کہا کہ ہمارا مقصد بی جے پی کو ہیرو سے زیرو بنانا ہے۔
ریاست بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے مرکزی حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں وہ مختلف جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے پیر کو مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے کولکاتا میں ملاقات کی۔ اس دوران بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ اس موقع پر بہار کے وزیراعلی نتیش کمار کا کہنا ہے کہ ہم نے تمام پارٹیوں کو متحد کرنے اور آئندہ پارلیمانی انتخابات سے پہلے تمام تیاریاں کرنے کے سلسلے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ آگے جو بھی کیا جائے گا، وہ ملک کے مفاد میں کیا جائے گا۔ جو لوگ اب حکومت کر رہے ہیں، ان کے پاس کوئی کام نہیں، وہ صرف اپنی تشہیر کر رہے ہیں، ملک کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا جا رہا ہے۔ وہیں ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت اور بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ انہیں ہیرو سے زیرو بنانا ہے۔