مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کے دوران کئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے۔جس میں کوچ بہار کے شیتل کوچی کا واقعہ سب سے قابل ذکر ہے جس کے دوران مرکزی فورسز کی گولیوں سے چار مسلم نوجوانوں کی موت ہوئی تھی۔اس واقعہ کی ممتا بنرجی نے سخت مذمت کی تھی اور اسی وقت اعلان کیا تھا کہ اگر وہ اقتدار میں آتی ہیں تو شیتل کوچی معاملے کی جانچ کرائیں گی۔
شیتل کوچی کے متاثرین کو سرکاری نوکری اور تشدد کے شکار افراد کو دو لاکھ کا معاوضہ - ممتا بنرجی انتخابی تشدد میں مارے جانے والوں کو معاوضہ دے گی
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے چوتھے مرحلے کے دوران کوچ بہار کے شیتل کوچی اور ماتھا بھانگہ میں مارے جانے والے افراد کے گھر والوں کو وزیر اعلی ممتا بنرجی نے سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی قصورواروں کی شناخت کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔انتخابات کے دوران تشدد میں مرنے والوں کے اہل خانہ کو بھی دو لاکھ روپئے دئیے جائیں گے۔
اقتدار میں آتے ہی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے شیتل کوچی معاملے کی جانچ کے لئے ایس آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔جبکہ اس معاملے کی جانچ سی آئی ڈی نے شروع کر دی تھی اب ایس آئی ٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ممتا بنرجی نے آج نبنو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شیتل کوچی واقعہ کی سی آئی ڈی جانچ جاری ہے۔انتخابات کے بعد ہونے والے تشدد میں مارے جانے والوں کے جس میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی اور متحدہ محاذ کا بھی ایک حامی شامل ہے ان کے گھر والوں کو پانچ لاکھ معاوضہ دیا جائے گا۔اس کے علاوہ شیتل کوچی میں مرکزی فورسز کی گولیوں سے مرنے والے چار مسلم اور ایک ہندو نوجوان کے گھر والوں کو سرکاری ہوم گارڈ کی نوکری دی جائے گی۔
دوسری جانب اقتدار میں واپسی کے بعد ہی ممتا بنرجی انتظامی امور میں کئی بڑی تبدیلیاں کر چکی ہیں۔پولس انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی گئی ہے۔کوچ بہار کے ایس پی کو معطل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مرکزی فورسز کی گولیوں سے چار لوگوں کی موت کے سلسلے میں ہی ان کو معطل کیا گیا ہے۔