کولکاتا: مغربی بنگال پردیش کانگریس کے صدر ادھیرنجن چودھری نے کالی گھاٹ کے کاکو عرف سوجے کرشنا بھدرا کی گرفتاری پر کہا کہ جانچ ایجنسی اگر ایمانداری کے ساتھ تفتیش کرتی ہے تو 72 گھنٹوں کے اندر ترنمول کانگریس کا نام لینے والا کوئی نہیں رہے گا۔ رکن پارلیمان ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ سوجے کرشنا بھدرا صرف لین دین ہی نہیں دیکھتے تھے بلکہ پیسے کو ڈالر میں بدلنے کے ماہر تھے۔ ان کے پاس معلومات کا خزانہ ہے۔ جانچ کے دوران ساری سچائی سامنے آ جائے گی۔
کانگریس کے رہنما کے مطابق بدعنوانی سے بچنے کے لیے ابھیشیک بنرجی اور ممتا بنرجی بی جے پی کے ساتھ مل کر کانگریس کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نہ صرف بنگال میں بلکہ پورے ملک میں کانگریس کو کمزور بنانے میں بی جے پی کی منظم سازش کا حصہ ہیں۔ لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈر ادھیرنجن چودھری نے پردیش کانگریس کے ہیڈکوارٹر ودھان بھون میں دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے رہنما بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ سمجھوتے کی وجہ سے بڑے رہنماؤں کی گرفتاری نہیں ہو رہی ہے۔