شمالی24 پرگنہ: مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے سندیش کھالی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم پر ہوئے حملے کے واقعے میں ترنمول کانگریس کے رہنما شاہجہاں شیخ کے خلاف لک آوٹ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ اس سلسلے ای ڈی کے ایک اہلکار بتایا کہ جب ان کی ٹیم ٹی ایم سی لیڈر کے خلاف راشن کی تقسیم کے مبینہ گھپلے کے سلسلے میں ان کے گھر پر چھاپہ مارنے کے لیے سربیریا پہنچی تو ان کا دروازہ اندر سے بند تھا اور ان کے فون کی لوکیشن اسی گھر سے 'شو' ہورہی تھی۔
اہلکاروں نے جب دروازہ کھولنے کو کہا تو انہوں نے دروازہ کھولنے سے انکار کر دیا۔ افسر نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں کی مدد سے دروازہ کھلوانے کی کوشش کی۔ اس دوران ہجوم نے ان کی ٹیم، سی آر پی ایف کے جوانوں اور میڈیا اہلکاروں پر اینٹوں اور پتھروں سے حملہ کر دیا۔ چھاپہ مارنے گئی ٹیم کی گاڑیوں پر بھی حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں تین اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔