مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سے قبل حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے رہنماؤں کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔
دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں کی طرف سے روزانہ اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ آئے دن ایک دوسرے کے خلاف متنازع بیانات سامنے آ رہے ہیں۔
اسی درمیان بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش کے متنازع بیان کے جواب میں ریاستی وزیر جیوتی پریہ نے بھی متنازع بیان دیا ہے۔
مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے بنگاؤں میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر خوراک جیوتی پریہ ملک نے کہا کہ سیاست کی سیاست کی طرح کی جائے تو ٹھیک ہے ورنہ ہم بھی جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک آدمی روزانہ عوامی جلسے میں مار پیٹ کی باتیں کرتا ہے۔
وہ روزانہ ترنمول کانگریس کے رہنماؤں اور کارکنان کو سرعام دھمکی دیتا ہے۔ لیکن اب ایسا نہیں چلے گا۔ سیاست کو سیاست کی طرح ہی کیا جائے۔ اس میں ہم کی بھلائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب شریف سیاسی رہنما ہیں۔ اس لئے ہم خاموشی سے سن کر برداشت کر رہے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہو کا۔
انہوں نے کہا اگر سامنے والا جارحانہ سیاست کو ترجیح دیتا ہے تو ہم اس شخص کو اسی کے انداز میں جواب دیں گے۔یعنی مار کے بدلے مار۔
وزیر خوراک جیوتی پریہ ملک کے بیان پر ردعمل کرتے ہوئے بی جے پی(بنگاوں) صدر دیب داس منڈل نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی خود عوامی جلسے میں سرعام بی جے پی کے کارکنان کو سبق سکھانے کی بات کرتی ہیں۔