کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع ایڈن گارڈنس میں کھیلے گئے میچ ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کرتے ہوئے سن رائزرز نے کے کے آر کے سامنے 229 رنوں کا بڑا ہدف رکھا جس کے جواب میں میزبان ٹیم 20 اوورز میں صرف 205 رنز تک ہی پہنچ سکی۔ سنیل نارائن کے علاوہ کے کے آر کے تمام گیند بازوں نے 10 سے زیادہ اکانومی سے رنز دیے، جس کی انہیں بعد میں بھاری قیمت چکانی پڑی۔
کے کے آر کے کپتان نیتش رانا نے میچ کے بعد کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ جس طرح سے ہم نے گیند بازی کی وہ ہمارے منصوبے کے مطابق نہیں تھی۔ پچ کچھ بھی ہو، یہاں 230 رنز نہیں بننے دیئے جانے چاہیے تھے۔ کبھی کبھی آپ کو رنکو جیسی اننگز بھی ملتی ہے، لیکن ہردن نہیں۔ ہم نے اچھی بلے بازی کی، ہم کھیل کو آخر تک لے جانا چاہتے تھے جہاں کچھ بھی ہو سکتا تھا۔ سن رائزرس سے پہلے کے کے آر کا مقابلہ گجرات ٹائٹنز سے تھا، جہاں رانا کی ٹیم کو 20 اوور میں 205 رنز بنانے تھے۔ جب کے کے آر کو آخری پانچ گیندوں پر 28 رنز درکار تھے، بائیں ہاتھ کے بلے باز رنکو سنگھ نے پانچ چھکے لگا کر ٹیم کو سنسنی خیز فتح دلائی۔