کالی کٹ (کیرالہ): ذرا تصور کریں، گاندھی جی خود سے سیلفی لے رہے ہیں۔ اس گزرے ہوئے دور میں جس میں اسمارٹ فونز کے بارے کیں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ گاندھی، مدر ٹریسا، کارل مارکس، چی گویرا، جوزف اسٹالن، ابراہم لنکن، البرٹ آئن سٹائن اور محمد علی جناح سیلفی کے لئے پوز دیتے تو کیسا ہوتا؟
کیرالہ کے ایک فنکار نے گاندھی جی، نہرو، کارل مارکس اور دیگر تاریخی شخصیات کی سیلفیاں بنائیں جو راتوں رات مشہور ہوگئیں۔ یہ تصویریں بتاتی ہیں کہ اگر گاندھی جی، نہرو، چی گویرا اور پرانے دور کے ایسے لیڈر اپنے دور میں سیلفی لیتے تو کیسا ہوتا۔
کیرالہ کے رہنے والے جیو جان ملور اس جدید تاریخی سیلفی سیریز کے معمار ہیں۔ یہ تصاویر AI (مصنوعی ذہانت) سافٹ ویئر کا استعمال کرتے ہوئے تیار کی گئیں جسے 'مڈ جرنی' کہا جاتا ہے۔ تصاویر کو دوبارہ رنگنے کے لئے فوٹوشاپ کا بھی استعمال کیا گیا۔ جیو جان نے ٹیکنالوجی کی مدد سے ماضی کے دور کی دنیا کی عظیم شخصیات کی تصاویر بنائیں جب اسمارٹ فونز نہیں تھے۔
جیو کی تصویروں نے پرانے زمانے کی تصویروں میں موجود دور کی تکنیک کا بخوبی استعمال کرتے ہوئے اسے ایک نیا رنگ دے دیا ہے۔ اس سیلفی سیریز میں گاندھی اور نہرو کے علاوہ نیتا جی سبھاش چندر بوس، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، مدر ٹریسا، کارل مارکس، ارنسٹو چی گویرا، جوزف اسٹالن، ابراہم لنکن، البرٹ آئن اسٹائن، محمد علی جناح، باب مارلے اور دیگر شامل ہیں۔