کولکاتا کے زکریا اسٹریٹ میں رمضان کی رونقیں عروج پر کولکاتا: ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مغربی بنگال میں رمضان کی رونقیں عروج پر پہنچ چکی ہے۔کولکاتا کے مشہور ترین مسلم اکثریتی علاقوں زکریا اسٹریٹ ،کولوٹولہ،راجہ بازار ،پارک سرکس ،توپسیا اور واجد علی شاہ کی نگری میٹابرج سمیت دوسرے علاقوں میں روح پرور رونقیں شباب پر ہے۔
اسی درمیان ملک کی دوسری ریاستوں سے حلیم ،آلو بریانی، فالودہ سمیت دیگر لذیذ کھانے کے شوقین کولکاتا کے زکریا اسٹریٹ کی جانب رخ کر رہے ہیں ۔ان میں سے ہی ایک محمد اختر نام کے ایک کشمیری شخص سے ای ٹی وی بھارت نے بات چیت کی۔
اختر نے کہاکہ میں کشمیر سے ہوں، یہ پہلا موقع ہے جب میں اکلوتے فوڈ ٹرک کے لئے کولکاتا آیا ہوں۔سوشل میڈیا کے ذریعہ رمضان کے مہینے میں کولکاتا کے مشہور ترین علاقوں میں سے ایک زکریا اسٹریٹ کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی۔اس کے بعد زکریا اسٹریٹ آنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ زکریا اسٹریٹ پہنچنے کے بعد یہاں کے مناظر دیکھ کر دل خوش ہو گیا۔سوشل میڈیا پر جو کچھ دیکھا حقیقت میں اس سے زیادہ لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ اختر نے ناخدا مسجد میں مغرب کی نماز کے بعد کھجور اور ٹھنڈے پانی سے افطار کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے کباب کا لطف اٹھایا۔اس کے بعد انہوں نے زکریا اسٹریٹ کی دکانوں کے تمام مشہور کھانوں کے نام بتائے جن میں چکن چینجی، چکن تیمور، فالودہ، حلیم، مائے اکبری، فرنی، شاہی ٹکڑے اور حاجی علاؤالدین کی مٹھائی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Ramadan Gift pheni علیگڑھ میں پھینی روزہ داروں کی پہلی پسند
انہوں نے کہا کہ کوشش یہ ہے کہ تمام لذیذ کھانوں سے لطف اٹھا سکوں۔ دو دنوں بعد وہ کشمیر واپس لوٹ جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اکیلے ہی کولکاتا آئے ہیں۔اگلی مرتبہ فیملی کے ساتھ آئیں گے۔