کولکاتا:ٹیچر اہلیتی ٹسٹ میںبدعنوانی کی تحقیقات کے دوران ای ڈی کو ریاست کی مختلف میونسپلٹیوں میں بھرتی بدعنوانی سے متعلق کئی دستاویزات ملے ہیں۔ جسٹس ابھیجیت گنگو پادھیائے کی عدالت میں بھرتی بدعنوانی کیس کے دوران ای ڈی نے عدالت کو مطلع کیا کہ 20 اور 21 مارچ کو پرائمری ٹیچر کی بھرتی بدعنوانی کے معاملے میں پکڑے گئے آیان شیل سے پوچھ گچھ کے دوران افسران کو کئی اہم جانکاریاں حاصل ہوئی ہیں۔ ایان شیل کے گھر اور دفتر سے پور کی تقرری سے متعلق کئی دستاویزات بھی ان کے ہاتھ میں آگئے ہیں۔
ای ڈی نے دعویٰ کیا کہ آیان شیل نے نہ صرف اساتذہ کی تقرری میں بدعنوانی کی ہے بلکہ انہیں مختلف میونسپلٹیوں میں غیر قانونی طور پر تعینات کیا ہے۔ ای ڈی کی طرف سے پورے واقعہ کی مکمل جانچ کے لیے سی بی آئی کو مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس کے فوراً بعد جسٹس ابھیجیت گنگو پادھیائے نے پور کی تقرری میں بدعنوانی کے الزامات کی سی بی آئی جانچ کا حکم دیا۔ جسٹس ابھیجیت گنگوپادھیائے نے ہدایت دی کہ سی بی آئی ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کر سکتی ہے۔