بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا دو روزہ بنگال دورے کے دوسرے دن جنوبی 24 پرگنہ پہنچے لیکن دورے کے پہلے دن کی طرح دوسرے دن کی شروعات میں ہی بی جے پی کے قومی صدر کو لوگوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوبی 24 پرگنہ کے ڈائمنڈ ہاربر علاقے میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کو عوامی جلسے کو خطاب کرنا تھا۔ جلسے کے آغاز سے پہلے ہی بی جے پی اور حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے حامی جھنڈا لگانے کو لے کر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے۔ دونوں پارٹیوں کے حامیوں کے درمیان جم کر جھڑپ ہوئی۔ اس دوران پتھربازی بھی کی گئی۔ جس سے علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں داخل کرایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ علاقے میں کثیر تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔