بے روزگار نوجوانوں کی مدد کے لیے جماعت اسلامی حلقہ مغربی بنگال کی جانب سے پہل کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایک جاب پورٹل کا افتتاح کیا گیا ہے۔
بے روزگار مسلم نوجوانوں کی مدد کے لیے جماعت اسلامی کی پہل جماعت اسلامی حلقہ مغربی بنگال کے صدر کا کہنا ہے کہ پورٹل کے افتتاح کے بعد سے ہی کافی لوگوں کی طرف سے بہتر ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے اور کافی لوگ اس سے فیض یاب ہو رہے ہیں۔
کورونا وبا کی وجہ سے گذشتہ کئی ماہ تک سارے ملک میں لاک ڈاون نافذ کیا گیا تھا جس کی وجہ سے کئی صنعتی ادارے بند ہوگئے اور متعدد کمپنیاں عملہ میں کمی کرنے میں مجبور ہوگئیں۔ اس دوران ملک بھر میں لاکھوں افراد بے روزگار ہوگئے۔ خصوصی طور پر نوجوان طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔
ریاست مغربی بنگال میں بھی لاک ڈاؤن کے دوران ہزاروں افراد بے روزگار ہوگئے۔کئی کارپوریٹ گھرانوں پر بھی اس کا اثر پڑا جس کے نتیجے میں کئی ایمپلائز کی چھٹی کر دی گئی۔
ایسے حالات میں نوجوانوں کی مدد کے لیے جماعت اسلامی حلقہ مغربی بنگال کی جانب سے پہل کی گئی جس کے تحت جماعت اسلامی حلقہ مغربی بنگال نے ایک جاب پورٹل کی شروعات کی ہے۔جس کی مدد سے ان بی روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرانے میں مدد کر رہی ہے۔جس کے مثبت نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔
اس سلسلے میں جماعت اسلامی حلقہ مغربی بنگال کے صدر مولانا عبدالرفیق نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ جس طرح سے لاک ڈاؤن میں پورے ملک میں کروڑوں افراد بے روزگاری کے شکار ہوئے ہیں۔ خصوصی طور پر نوجوان طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے ایک جاب پورٹل کی شروعات کی گئی ہے جس میں تمام ریاستوں کے سرکاری و غیر سرکاری روزگار کے سلسلے میں جانکاری ہو گی جس سے نوجوان استفادہ کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے دانشوروں سے اپیل کی کہ اس جاب پورٹل کو مزید بہتر بنانے میں مدد کریں۔