کولکاتا:انڈین سیکولر فرنٹ کے رکن اسمبلی نوشاد صدیقی نے ہائیر سیکنڈری امتحانات کے درمیان ترنمول کانگریس کے ایم ایل اے شوکت ملا کی قیادت میں نکالی گئی ریلی کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہائر سکنڈری امتحانات کے دوران پولیس کیسے حکمراں جماعت کے رکن اسمبلی شوکت ملا کو ریلی نکالنے کی اجازت دے سکتی ہے۔ رکن اسمبلی نوشاد صدیقی نے کہاکہ ترنمول کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے آخر ہائر سیکنڈری امتحان کے دوران اس طرح کے سیاسی پروگرام کی اجازت کیسے دی؟
انہوں نے کہا کہ ریاست میں قانون نام کی کوئی چیز ہے یا نہیں۔ اگر ہے تو اس کا فائدہ صرف اور صرف ترنمول کانگریس کے رہنماوں کو ہی ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھانگوڑ میں ترنمول کا نگریس کی ڈبتی ہوئی کشتی کو ساحل تک پہنچانے کے لئے شوکت ملا کو مبصر کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ اسی درمیان شوکت ملا نے فرفرہ شریف کا دورہ کیا تھا جہاں مقامی باشندوں نے رکن اسمبلی کے خلاف نعرہ بازی کی تھی ۔اس کے بعد ہی ترنمول کانگریس کے رہنما نے نوشاد صدیقی کے اسمبلی حلقہ بھانگوڑ میں ریلی نکالی ۔