کولکاتا: مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع بنکشال عدالت نے بھانگوڑ سے انڈین سیکولر فرنٹ کے چیئرمین اور رکن اسمبلی نوشاد صدیقی کی ضمانت کی درخواست نامنظور کرتے ہوئے انہیں مزید 14 دنوں تک جیل کی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ رکن اسمبلی 15 فروری تک جیل میں رہے گے۔ آئی ایس ایف کے حامیوں نے رکن اسمبلی کی ضمانت کی درخواست نامنظور ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
انڈین سیکولر فرنٹ کے چیئرمین جنوبی 24 پرگنہ کے بھانگوڑ سے رکن اسمبلی نوشاد صدیقی کو 21 جنوری کو دھرمتلہ میں پولیس کے ساتھ جھڑپ کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ رکن اسمبلی کے ساتھ ساتھ آئی ایس ایف کے 18 دیگر رہنماوں کی بھی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔ بنکشال کورٹ میں رکن اسمبلی اور آئی ایس ایف کے چیئرمین نوشاد صدیقی کی پیشی ہوئی ۔ان کے وکیل نے عدالت میں اپنے مکل کی ضمانت کی درخواست دی۔بنکشال کورٹ کے جج نے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے رکن اسمبلی کی ضمانت کی درخواست نامنظور کردی ۔