شہریت ترمیمی بل کے خلاف جاری احتجاج کے دوران مغربی بنگال حکومت نے ریاست کے کئی علاقوں میں آج سے انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ جمعہ سے مرشدآباد، ہوڑہ کے الوبیڑیا میں تشدد کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ممتا بنرجی نے احتجاج کے دوران تشدد کے واقعات پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کیے ہیں۔حکومت کے مطابق جنوبی بنگال کے کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کو بند کردیا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مرشدآباد، مالدہ، شمالی دیناج پور، ہوڑہ،شمالی 24پرگنہ کے بشیرہاٹ سب ڈویژن جنوبی 24پرگنہ کے برئی پور سب ڈویژن اور کیننگ سب ڈویژن میں فوری طور پر انٹر نیٹ سروس بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: بنگال کے مختلف اضلاع میں پرُتشدد مظاہرے
تری پورہ،آسام اور شمالی مشرقی ہند کے دیگر ریاستوں میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف پہلے سے ہی احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں اور اس کے پیش ان ریاستوں میں انٹر نیٹ سروس بند ہیں۔بنگال میں جمعہ سے ہی مظاہرے ہورہے ہیں۔مظاہرین نے جمعہ کو الوبیڑیا میں ریلوے اور سڑک کو جام کردیا تھا جس کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے اپنے پیغام میں مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کریں،یہ ان کا جمہوری حق ہے مگر تشدد کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اتوار کو بھی ریاست کے متعدد علاقے مظاہرے ہورہے ہیں۔