مغربی بنگال: دانشوروں کے وفد نے گورنر سے ملاقات کی
مغربی بنگال میں حقوق انسانی کی خلاف ورزی اور ریاست میں امن وامان کی صورت حال پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے بنگال کے دانشوروں کا سات رکنی وفد نے آج گورنر جگدیپ دھنکر سے ملاقات کرکے میمورنڈم دیا۔
بنگال انٹلیکچوئل سوسائٹی کے سیکریٹری اگنی مترا پال نے میمورنڈم دیتے ہوئے گورنرسے کہا کہ درگا پوجا کے موقع پر مرشدآباد میں ایک ٹیچر بندو گوپال پال،اس کی حاملہ اہلیہ اور 6سالہ بیٹے کا قتل کردیا گیا تھا۔مگر اس سنگین جرم کی جانچ قابل اعتبار ہاتھوں میں نہیں ہے۔میمورنڈم میں کہا گیا ہے اب جو جانچ کی گئی ہے وہ عام ہوچکی ہے۔میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ آزادانہ جانچ کے بغیر اس معاملے کی حقیقت سامنے نہیں آسکتی ہے۔
وفد نے گورنر کے سامنے کانگریس کے ترجمان سنمے بندوپادھیائے کی گرفتاری کا معاملے اٹھاتے ہوئے کہا کہ بندو پادھیائے کی گرفتاری حقوق انسانی کی خلاف ورزی ہے۔کیوں کہ وہ ٹی وی چینلوں پر ریاستی حکومت کی نکتہ چینی کرتے تھے۔خیال رہے کہ بندو پادھیائے یوٹیوب بنگلار بارتا چلاتے ہیں جس میں وہ ممتا بنرجی کی حکومت کی سخت نکتہ چینی کرتے تھے۔
وفد کے مطابق یہ صورت حال ظاہر کرتی ہے کہ ریاست میں حقوق انسانی کو سخت خطرات لاحق ہیں۔
گورنر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گے۔اس وفد میں اربندا سین،سنگھا مترا پنڈت،ڈاکٹر انوپم شکلا،اشمیتاچودھری اور جیتندر کمار رام پوریاشامل تھے۔