کورونا وائر کے دوران امسال ہو رہے درگا پوجا کے پنڈالوں کا افتتاح وزیرا علیٰ ممتا بنرجی ورچوئل طریقے سے کریں گی۔ افتتاح 15، 16 اور 17 اکتوبر شام 5 بجے سے شروع ہوگا اس کے لئے کولکاتا کو تین زون میں تقسیم کیا جائے گا۔
ریاستی سیکریٹریٹ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ 'کورونا انفیکشن میں اضافہ ہو رہا ہے، سب کو ماسک پہننا چاہئے۔ انفیکشن کی روک تھام کے لئے معاشرتی فاصلہ برقرار رکھنا ضروری ہے۔ پوجا پنڈال جاتے وقت ماسک پہنیں اور پوجا کمیٹی کو یہ بات یقینی بنانی ہوگی کہ ماسک کے بغیر آنے والوں کو پنڈال میں داخل نہ ہونے دیں۔ پنڈال کے باہر ماسک اور سنیٹائزر کا انتظام رکھا جائے۔
انہوں نے مرکزی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس سال اتر پردیش میں پوجاکی اجازت نہیں ہے دہلی میں سی آر پارک کے علاوہ کہیں بھی پوجا پنڈال لگانے کی اجازت نہیں دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنگال میں پوری روحانیت کے ساتھ درگا پوجا کا تہوار منایا جائے گا مگر اس مرتبہ کچھ الگ ہوگا اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہم سب مل کر درگا پوجا منائیں گے۔