ریاست مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے فی الحال ریاست کے تعلیمی اداروں کو کھولنے کی کوئی امید نظر نہیں آرہی ہے۔ آئندہ 31 اگست تک تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
آج وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر حالات بہتر ہوئے تو ریاست میں تمام تعلیمی اداروں میں آئندہ 5 ستمبر سے تعلیمی سرگرمیاں شروع کی جا سکتی ہیں۔
کورونا وائرس کی وجہ سے گذشتہ مارچ سے ہی ریاست کے تمام اسکول و کالج بند ہیں۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ہر دن کورونا وائرس کے معاملات میں دوسری ریاستوں کی طرح بنگال میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔گذشتہ کئی دنوں سے ایک دن میں دو ہزار سے زائد معاملے سامنے آرہے ہیں۔ ایسے میں وزیر اعلی ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ ان حالات میں اسکول و کالجوں کو کھولنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔