ریاست مغربی بنگال کے ترنمول کانگریس کے یوتھ رہنما ابھیشیک بنرجی نے دعویٰ کیا ہے کہ الزام ثابت ہونے پر وہ پھانسی لگالیں گے۔ ریاست مغربی بنگال کے جنوبی دیناج پور ضلع کے گنگارام اسٹیڈیم میں عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے ابھیشیک بنرجی نے امت شاہ سمیت بی جے پی کے رہنماؤں کو ہدف تنقید بنایا۔
الزام ثابت ہونے پر خود کو پھانسی لگالوں گا: ابھیشیک بنرجی انہوں نے کہا کہ بار بار الزام تراشی کرنے کے بجائے ثابت کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ قصورواروں کو سزا دی جاسکے۔ میں ایماندار ہوں یا پھر بی جے پی میں شامل ہونے والے دیگر رہنماؤں کی طرح بے ایمان، اسے ثابت کرنے کے لئے سی بی آئی اور ای ڈی کو پیچھے لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ میرے پیچھے سی بی آئی اور ای ڈی کو لگانے کی ضرورت نہیں ہے، آپ صرف الزام ثابت کیجیے۔
الزام ثابت ہونے کے بعد عوامی جلسے کے دوران میں خود کو پھانسی لگالوں گا۔ اس سے بڑی سزا اور کیا ہوسکتی ہے۔ لیکن آپ کے الزامات سیاسی ہیں کیوں کہ آپ کے پاس کوئی ثبوت ہی نہیں ہیں۔
ڈائمنڈ ہاربر سے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ میں امت شاہ، کیلاش وجے ورگھیا کا نام لےکر تنقید کررہا ہوں۔
الزام ثابت ہونے پر خود کو پھانسی لگالوں گا: ابھیشیک بنرجی امت شاہ، جے پی نڈا، کیلاش وجے ورگھیا بیرونی ہیں۔ یہ سچائی ہے۔ اسے بار بار کہنے کی ضرورت ہے۔ بیرونی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے رہنماؤں کو بنگال کے عوام کو گمراہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
ابھیشیک بنرجی نے الزام عائد کیا کہ بیرونی ریاستوں سے آنے والے لوگ مغربی بنگال کا ماحول بگاڑنے کی سازش میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے شھوبیندو ادھیکاری پر بھی شدید تنقید کی۔