شمالی24 پرگنہ: مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے نئی ہٹی میں واقع فٹبال اسٹیڈیم میں آئی لیگ 24۔2023 کے افتتاحی میچ میں محمڈن اسپورٹنگ اور ایزوال ایف سی کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔شروعات سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز میں کھیل کا مظاہرہ کیا۔میزبان ٹیم محمڈن اسپورٹنگ نے جارحانہ انداز میںکھیل کامظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم پر گرفت مضبوط بنانے کی بھرپور کوشش کی اور اس میں اسے کامیابی بھی ملی۔ کھیل کے ساتویں منٹ پر سیموئیل نے گیند کو جال میں ڈال کر محمڈن اسپورٹنگ کے لئے پہلا گول کیا۔
مگر میزبان ٹیم محمڈن اسپورٹنگ کے لئے یہ برتری زیادہ دیر تک برقرار نا رہ سکی اور کھیل کے 12 ویں منٹ پر لال رین فیلا نے گول کرکے ایزوال ایف سی کو 1۔1 گول کی برابری پر لاکھڑا کردیا۔میچ کا اسکور برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں نے مزید جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کھیل کے 28 ویں منٹ پر ایلیکس نے گول کرکے محمڈن اسپورٹنگ کو ایک بار پر پھر 1۔2 گول کی سبقت دلانے میں اہم رول ادا کیا۔ پہلے ہاف کےا ختتام تک محمڈن اسپورٹنگ کی ٹیم برتری کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔