مغربی بنگال کے مالدہ ضلع کے انگریز بازار کے عنات پور علاقے میں ایک خاتون کو مسلسل چوتھی بیٹی کو جنم دینے پر شوہر نے اسے جان سے مارنے کی ناکام کوشش کی گئی۔
اس واقعے کے بعد عنات پور علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ مقامی باشندوں نے اس واقعے میں ملوث شخص کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق شہیدہ بی بی نے مالدہ ضلع ہسپتال میں ایک بیٹی کو جنم دیا۔ ان کی یہ چوتھی بیٹی ہے۔ شہیدہ بی بی کے مسلسل چوتھی بیٹی کو جنم دینے پر ان کے سسرال والے سخت ناراض ہو گئے۔
مالدہ ضلع ہسپتال سے گھر واپس آنے پر سسرال والوں نے ان کے ساتھ غیر مناسب سلوک کرتے رہے۔ گذشتہ روز شہیدہ کے شوہر شیخ عمران نے چوتھی بیٹی کو جنم دینے پر طنز کیا۔ اس پر میاں بیوی کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا۔
شیخ عمران نے غصے میں آ کر شہیدہ پر چاقو سے جان لیوا حملہ کر دیا۔ اس واقعے کی اطلاع پا کر پڑوسی اکٹھا ہو گئے اور زخمی خاتون کو مالدہ ضلع ہسپتال میں داخل کرایا، لیکن حالت زیادہ بگڑ جانے کے سبب انہیں (خاتون ) کو مالدہ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں۔