مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سے متصل ہوڑہ ضلع کے بیشتر اقلیتی علاقوں میں رہنے والے عام لوگوں کو ان دنوں سڑکوں پر جمع بارش کے گندے پانی کے مسائل سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے جب ہوڑہ میونسپل کارپوریشن ایڈمنسٹریٹیو بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر سُجے چکرورتی سے رابطہ کیا تو انہوں نے اقلیتی طبقے کے لوگوں کی ترقیاتی منصوبے اور ٹیکہ پاڑہ سمیت دیگر علاقوں میں نکاسی نظام کو بہتر بنانے کے ماسٹر پلان پر تبادلہ خیال کیا۔
ہوڑہ میونسپل کارپوریشن ایڈمنسٹریٹیو بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر سُجے چکرورتی نے کہا کہ 'وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے خود ہی اقلیتی طبقے کی ترقی کی ذمہ داری اٹھا رکھی ہے ہم صرف ان کی ہدایت پر عمل کرتے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'سب سے پہلے ویکسی نیشن مہم کی بات کرتے ہیں۔ پہلے کے مقابلے اس وقت اقلیتی علاقوں میں کورونا ویکسینیشن مہم میں کافی تیزی آئی ہے۔ ویکسینیشن مراکز پر لوگ بڑی تعداد میں موجود رہتے ہیں۔'
ڈاکٹر سُجے چکرورتی کا کہنا ہے کہ 'اقلیتی طبقے کے لیے تعلیم اور دیگر ٹریننگ کی راہ کو مزید بہتر اور آسان بنانا ہمارا اہم مقصد ہے۔'