ہاوڑہ: مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سے متصل ہاوڑہ ضلع کے بنگلہ بولنے والے مسلماانوں کی گھنی آبادی والا علاقہ شنکریل امیر الدین کی گرفتاری کے بعد سے ہی صدمے میں ہے۔ جموں و کشمیر کے رامبن میں گذشتہ روز سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں القاعدہ سے مبینہ تعلق رکھنے کے الزام میں ایک شخص کی گرفتاری عمل میں آئی۔ پوچھ کچھ کے دوران پتہ چلا گرفتار شخص مغربی بنگال کے ہاوڑہ ضلع کے شنکریل تھانہ علاقے کا رہنے والا ہے۔ اس کا انکشاف ہوتے ہی ہندی اور بنگلہ نیوز چینلز نے اپنے اپنے طریقے سے روایتی انداز میں میڈیا ٹرائل شروع کر دیا۔
معین الدین عرف امیر الدین کے بھائی شہاب الدین نے کہا کہ ان کی گرفتاری کی خبر کسی صدمے سے کم نہیں ہے۔ انہوں کڑی محنت سے کچھ کیا تھا لیکن اب دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ کسی تنظیم سے جڑے ہوئے ہیں۔ یہ سب اس لئے کہا جا رہا ہے کہ انہیں کشمیر سے رات کے وقت گرفتار کیا گیا ہے۔ وہیں معین الدین کی بیوی نے کہا کہ ان کے تعلق سے یہ سن کر حیرانی ہوئی کہ انہیں پھنسایا گیا ہے۔ الزام ثابت ہونے سے پہلے ہی انہیں مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔