کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے دھرمتلہ میں منعقدہ بی جے پی کے جلسے کو خطاب کرتے ہوئے امت شا ہ نے اپنی تقریر کے آغاز میں تقسیم ہند سے قبل مسلم لیگ کے ڈائریکٹ ایکشن پلان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سہروردی نے براہ راست کارروائی کا اعلان کیا تھا ۔گوپال مکھرجی نے اس کا مقابلہ کیا ۔بنگال ہندوستان کی تاریخی زمین ہے۔
ریاست میں بدعنوانی کے معاملے کو اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مودی جی نے بنگال میں لاکھوں کروڑوں روپے بھیجے، لیکن ترنمول سنڈیکیٹ اسے لوگوں تک پہنچنے نہیں دیا ہے۔شاہ نے کہا کہ میں نے کبھی کسی لیڈر کے گھر سے پیسے کے اتنے بنڈل برآمد ہوتے نہیں دیکھےہیں ۔تاہم ترنمول کانگریس کے مرکزی حکومت پر مرکزی اسکیموں کی فنڈنگ روکے جانے کے الزامات سےمتعلق زیادہ بات کرنے سے گریز کیا۔
امت شاہ نے کہا کہ بنگال میں سیاسی تشدد میں بڑے پیمانے پر ہمارے ورکر مارے گئے ہیں ۔بی جے پی کارکن میرے بھائی سے زیادہ عزیز ہیں۔ 2026 میں ووٹ دے کر آپ سمجھ جائیں گے کہ سیاسی قتل کو ووٹ دے کر بدلہ کیسے لیا جاتا ہے۔
امت شاہ نے ممتا بنرجی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ میں ہمت ہے تو ترنمول کانگریس سے جیوتی پریہ ملک، انوبرتا منڈل اور پارتھو چٹرجی کو معطل کر دیں۔ امیت شاہ نے کہاکہ ترنمول کانگریس کے عوامی نمائندے پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کیا ہے۔تحفے لے کر پارلیمنٹ میں سوالات پوچھے گئے ہیں ۔