مغربی بنگال کے چار اسمبلی حلقہ، جنوبی 24 پرگنہ کے گوسابا، شمالی 24 پرگنہ، ندیا کے شانتی پور اور کوچ بہار کے دن ہاٹا میں ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔
گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ ضمنی انتخابات کے لیے جاری ووٹنگ کے دوران مختلف اسمبلی حلقوں سے تشدد کے واقعات کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
اسی درمیان کھردہ اسمبلی حلقے میں ضمنی انتخابات کے دوران بی جے پی کے امیدوار کے شاہ نے ایک فرضی ووٹر کو پکڑلیا۔ اس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
بی جے پی کے امیدوار کے شاہ نے کھردہ اسمبلی حلقے کے گھولہ تھانے علاقے میں واقع ششی ہائی اسکول میں ووٹنگ کے دوران ایک مشکوک شخص کو ووٹر آئی ڈی اور ووٹرز لسٹ دکھانے کو کہا جس میں وہ شخص ناکام ثابت ہوا۔ امیدوار نے فرضی ووٹر کو پکڑلیا اور ہنگامہ شروع کردیا۔
اس سے پولنگ بوتھ اور اس کے اطراف میں کشیدگی پھیل گئی۔ مرکزی فورسز اور پولیس نے حالات کو قابو میں کیا اور فرضی ووٹر کو اپنے تحویل میں لے لیا اور اس سے پوچھ گچھ کی۔