مغربی بنگال کے شمالی24, پرگنہ کے باراسات میں بی جے پی کے رہنما تتھاگتھا رائے نے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی ممتا بنرجی پر جم کر تنقید کی۔
اس دوران انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی مسلمانوں کو برا بھلا نہیں کہا ہے اور اس کی ضرورت بھی نہیں پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکولرازم کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ ایک مخصوص اقلیتی طبقے کی حمایت اور مدد کرنے کے لئے اکثریت کو پوری طرح سے نظر انداز کردیں
انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ہی اقلیتوں کے ساتھ خصوصی رعایت دی جاتی رہی ہے اور ترنمول کانگریس کی حکومت جب تک اقتدار میں رہے گی اس وقت تک مسلمانوں کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرنے کے لئے خصوصی رعایت کا کھیل جاری رہے گا۔
تتھاگتھا رائے نے کہا کہ مسجد کے اماموں اور مندر کے پجاریوں کو معاوضہ دینے کی کیا ضرورت ہے۔ وہ کرتے کیا ہیں۔سماج میں ان کا کردار کیا ہے۔
انہوں نے سی پی آئی ایم کے ریاستی جنرل سیکرٹری سوریہ کانت مشرا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی ختم ہو چکی ہے۔ انہیں سہارے کی ضرورت ہے اس لئے انہوں نے فرفرہ شریف کے پیرزادہ عباس صدیقی کا دامن تھامنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بی جے پی کے رہنما نے کہا کہ عباس صدیقی کی سیاسی جماعت اور اسدالدین اویسی کو اسمبلی انتخابات میں ایک بھی سیٹ ملنے والی نہیں ہے۔