مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 سے قبل سیاسی جماعتوں کی جانب سے امیدواروں کے ناموں کے اعلان کا سلسلہ جاری ہو گیا ہے۔ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کانگریس، لفٹ فرنٹ اور انڈین سیکولر فرنٹ اتحاد نے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی جانب سے اعلان کردہ امیدواروں کی فہرست میں قصبہ اسمبلی حلقے سے سینئر رہنما اور وزیر جاوید احمد خان کو ایک بار پھر امیدوار بنایا گیا ہے۔
امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہوتے ہی توپسیا اور اس کے اطراف کے علاقوں میں رہنے والی خواتین سینئر رہنما جاوید احمد خان کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرنے کے لئے ان کے پارٹی دفتر پہنچیں۔
خواتین نے ترنمول کانگریس کے رہنما جاوید احمد خان کو گلدشتہ پیش کیا اور انتخابی جنگ میں ان کی ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
خواتین کا کہنا ہے کہ ترنمول کانگریس کے مقبول ترین رہنماؤں کی فہرست میں جاوید احمد خان کا نام ٹاپ پانچ میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے رہنما ہمارے علاقے کے لیے اہم ہیں اور مستقبل میں بھی رہیں گے۔ ان کی موجودگی ہمارے لئے سرپرست سے کم نہیں ہے۔
خواتین کا کہنا ہے کہ جو شخص عام لوگوں کی مدد کرتا ہے اور ان کے دکھ درد کو سمجھتا ہے ان کے لیے ہم مر مٹنے کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیونکہ ایک عام آدمی جب مدد کی فریاد لے کر جاوید احمد خان کے دروازے پر جاتا ہے تو وہ نہ صرف مجبور انسان کی مدد کرتے ہیں بلکہ حوصلہ افزائی کے لئے انہیں گلے سے لگاتے ہیں۔