مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اعلان کیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال بنگال گلوبل بزنس سمٹ نہیں بلکہ اگلے سال مارچ میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں صنعت کو فروغ دینا ان کے ترجیحاتی ہدف میں شامل ہیں۔ ممتا بنرجی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بنگال سوشل سیکورٹی اسکیم میں ملک بھر میں نمبر ون ہے اور اب مغربی بنگال انڈسٹری اور سرمایہ کاری کے معاملے میں بھی نمبر ون ہوگا۔
بنگال گلوبل بزنس سمٹ کورونا وبا کی وجہ سے پچھلے دو سالوں سے منعقد نہیں ہورہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت میں امپاور کمیٹی کی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ یہ کمیٹی ریاست میں کاروبار اور صنعت کاری کی راہ میں درپیش مشکلات کو حل کرے گی۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کو درگاپور میں 400 کروڑ روپے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ ممتا بنرجی نے صنعت اور سرمایہ کاری سے متعلق کئی اسکیموں کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ان اسکیمز پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔