مغربی بنگال کے بیربھوم ضلع سے پولیس نے چھ افراد کو کافی مقدار میں اسلحوں کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ لوگ بیربھوم ضلع کے ترنمول کانگریس کے رہنماؤں کا قتل کرنے کے لئے آئے ہوئے تھے۔ پولیس کو اس معاملے میں شدت پسندانہ سرگرمیوں کا بھی شبہہ ہے۔
ترنمول رہنمائوں کی قتل کی سازش کے الزام میں چار بنگلہ دیشی گرفتار پولیس نے ایس ٹی ایف کو اس معاملے کی جانکاری دی ہے۔ پولیس اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزمین کا تعلق کہیں شدت پسند تنظیم سے تو نہیں ہے۔
جن چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے چار افراد کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔ سید انور علی عرف راجو (24 برس)، محمد رفیق عرف بابو سرکار (28 برس)، محمد مراد منشی (30 برس) اور محمد دیلا میاں عرف فلو (28) کا تعلق ڈھاکہ، بنگلہ دیش سے ہے جبکہ بلال حسین (19 برس) اور شیخ کاجل (38) کا تعلق ملک میر پاڑہ بیربھوم سے ہے۔
ان کے پاس سے ایک نو ایم ایم کی پستول، دو ون شارٹر، پانچ زندہ بم اور چھ کلو چار سو گرام دھماکہ خیز مادہ برآمد کیا گیا ہے۔ بیربھوم ضلع عدالت نے ان کو 14 دنوں کی پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔ کافی دنوں سے یہ لوگ شانتی نکیتن میں ایک کرائے کے مکان میں رہتے تھے۔