مغربی بنگال میں کورونا وبا کا قہر مسلسل جاری ہے جس کے سبب عام لوگ دہشت میں مبتلا ہیں۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ بدھادیب بھٹاچاریہ کورونا مثبت ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ اور سی پی آئی ایم کے سرکردہ رہنما بدھادیب بھٹاچاریہ اور ان کی اہلیہ کورونا مثبت پائے گئے ہیں۔ بدھا دیب بھٹاچاریہ کو گھر میں ہی کورنٹائن کیا گیا ہے جبکہ ان کی اہلیہ میرا بھٹاچاریہ کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ بدھا دیب بھٹاچاریہ کی حالت تشفی بخش ہے اس کے باوجود ان پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ سابق وزیراعلیٰ کی اہلیہ کو سانس لینے میں تکلیف کی شکایت پر انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مرشدآباد ضلع کے شمشیرگنج سے کانگریس کے امیدوار ریاض الحق، آر ایس پی کے رہنما پردیپ نندی سمیت کئی سیاسی رہنماؤں کی کورونا وائرس کے سبب موت ہو چکی ہے۔ غور طلب ہے کہ مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد گیارہ لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ اس بیماری سے اب تک ساڑھے بارہ ہزار لوگوں کی اموات ہوچکی ہیں۔