اگرتلہ: تریپورہ میں صحت کے حکام نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس کوئی تصدیق نہیں ہے، لیکن اسپتال انتظامیہ نے قبول کیا کہ 65 سالہ سبھاش سرکار کی موت ڈینگو سے ہوئی ہے۔ سیپاہی جالا ضلع کے سونامورا کے دھن پور کا رہنے والا سرکار 27 جولائی سے تیز بخار اور دست سے مبتلاتھا۔ متوفی کے بیٹے سریش سرکار نے کہا کہ ”وہ بے ہوش ہو گئے اور ان کے جسم کا درجہ حرارت غیر معمولی طور پر بڑھ گیا تھا۔
دھن پور اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں سونامورا اسپتال لے جایا گیا، جہاں سرکار کو ڈینگو ہونے کا پتہ چلا۔ اس کے بعد انہیں فوری طور پر تریپورہ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا، لیکن اگلے دو دنوں تک ان کی صحت مسلسل بگڑتی رہی۔
سریش نے کہا، ”چونکہ ہم نے ان کی صحت میں کوئی بہتری نہیں دیکھی، ہم نے اسے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرادیا۔ انہوں نے بہت کوشش کی، لیکن اس کی جان نہ بچا سکے۔”انہوں نے الزام لگایا کہ میڈیکل کالج کے ماہر ڈاکٹروں نے ایمرجنسی کی نشاندہی کرنے والی علامات کے باوجود مریض کا علاج نہیں کیا۔
اطلاعات کے مطابق اگرتلہ کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں ڈینگو سے متاثرہ 37 افراد زیر علاج ہیں جب کہ سونامورا کے مقامی اسپتالوں میں بڑی تعداد میں مریضوں کو داخل کرایا گیا ہے۔ تریپورہ حکومت نے پہلے ہی ریاست میں آنے والے تمام بنگلہ دیشی شہریوں کے لیے ڈینگو ٹیسٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔