کولکاتا: مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں آج دن میں بھیانک آگ لگ گئی۔اس واقعے کے بعد ہسپتال میں افراتفری مچ گئی۔اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے لیکن بھاری مالی نقصان ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں واقع یو پی ایس ایس روم میں دھنوں نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے بھیانک شکل اختیار کرلی۔ہسپتال کے احاطے میں افراتفری مچ گئی۔ مریضوں میں دہشت پھیل گئی۔
فائر بریگئڈ کے چھ انجنوں نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی۔دمکل اہلکاروں کی مستعدی کے سبب آگ پر جلد ہی قابو پالیا گیا۔میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال کے یو پی ایس ایس روم میں بھڑکی آگ پر قابو پانے کے بعد تفتیش شروع کی گئی۔ محکمہ دمکل کے اہلکار نے کہاکہ ابتدائی تفتیش کے دوران پتہ چلا ہے کہ کمپیوٹر میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی۔اس روم میں آگ پر قابو پانے کے لئے فائر سیفٹی آلات نہیں تھے۔جس کی وجہ سے آگ بھیانک شکل اختیار کرلی ۔