کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع عالمی شہرت یافتہ ایڈن گارڈن کرکٹ گراؤنڈ کے ڈریسنگ روم میں گزشتہ شب آگ لگنے سے چھت اور کچھ فرنیچر کو نقصان پہنچا۔ سرکاری ذرائع نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔
فائر بریگیڈ ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی صبح تقریباً 11.40 بجے وائرنگ میں مشتبہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی آگ میں کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) کے ٹیم ڈریسنگ روم میں فالس سیلنگ کے کچھ حصے اور کچھ فرنیچر کو نقصان پہنچا۔
ڈریسنگ روم میں کام کرنے والے لوگوں کی نظر سب سے پہلے آگ پر گئی۔ فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں نے موقع پر پہنچنے کے بعد آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا۔ آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔