رائے گنج: مغربی بنگال کے شمالی دیناج پور کے کالیا گنج کے رہنے والے ایک شخص کو ایمبولینس نہ ملنے پر اپنے مردہ بچے کی لاش کو سلی گڑی سے کالیا گنج ایک تھیلے میں بھر کر لانی پڑی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ ذرائع کے مطابق کالیا گنج بلاک کے مصطفی نگر گاؤں پنچایت کے ڈنگی پارہ گاؤں کے رہنے والے عاصم کی بیوی نے جڑواں بچوں کو جنم دیا۔ پانچ ماہ بعد دونوں بچے بیمار پڑ گئے۔ ان دونوں کو گزشتہ روز اتوار کو کالیا گنج اسٹیٹ جنرل اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
طبیعت بگڑنے کی وجہ سے انہیں پیر کو رائے گنج گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال ریفر کیا گیا۔ اس کے باوجود ان دونوں بچوں کی صحت بہتر نہیں ہوتی۔دونوں بچوں کو تشویشناک حالت میں سلی گڑی میڈیکل کالج اور اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہیں بدھ کے روز سلی گڑی میڈیکل کالج اور ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جمعرات کو ایک بچے کی حالت بہتر ہونے پر اسے میڈیکل کالج سے چھٹی دے دی گئی۔ جمعرات کو بچے کی ماں اس کے ساتھ کالیا گنج چلی گئی۔ والد عاصم بیمار تھے اور ایک بیٹے کے ساتھ اسپتال میں رہے۔