کولکتہ: مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ ضلع کے دتپکور میں اتوار کو پٹاخے کی ایک غیر قانونی فیکٹری میں دھماکے میں کم از کم سات افراد جل کر ہلاک اور سات دیگر بری طرح جھلس گئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دھماکہ صبح تقریباً 10.30 بجے دت پکور تھانہ علاقہ کے تحت نیل گنج-موشپول کے رہائشی علاقے میں ہوا۔ دھماکے سے گھر میں آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔ دوسری جانب بری طرح جھلسنے والے افراد کو علاج کے لیے بارسات اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ دھماکے سے آس پاس کے کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ تین خواتین سمیت زخمی لوگوں کو بارسات کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ چھ افراد کی لاشوں کو اسپتال میں لایا گیا تھا اور بعد ازاں آٹھ زخمیوں میں سے ایک کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ شدید زخمیوں میں سے ایک کی شناخت شمس الحق کے طورپر ہوئی ہے جسے انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حق نے مکان کرایہ پر لیا تھا اور وہ دتپکور تھانہ علاقہ کے گنجان آبادی والے نیل گنج موشپول علاقے میں بغیر لائسنس کے چلنے والی پٹاخے کی فیکٹری کا مالک ہے۔
دوسری جانب غیر سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس حادثے میں آٹھ افراد کی موت ہو گئی ہے، جب کہ پانچ جھلس گئے ہیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق دتپوکر تھانہ علاقے کے تحت نیل گنج-مشپول کے رہائشی علاقے میں صبح تقریباً 10.30 بجے دھماکہ ہوا۔ جس کی وجہ سے دو منزلہ مکان زمین بوس ہو گیا اور کچھ اور قریبی مکانات کو نقصان پہنچا۔