مغربی بنگال کے بی جے پی رہنما نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی ٹیلیفونک بات چیت کرتے ہوئے ’بی جے پی صدر جے پی نڈا کے قافلہ پر کل ہوئے حملہ کےلیے سیدھے طور پر ٹی ایم سی کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے حامیوں نے بی جے پی صدر کی کار پر پتھراؤ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں پوری طرح لاقانونیت اور غنڈہ راج کا بول بالا ہے۔ انہوں نے ممتا بنرجی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے ہی حملہ کی منصوبہ بندی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جے پی نڈا ماہی گیروں سے ملاقات کےلیے جارہے تھے جبکہ وہ امفا طوفان کے بعد مرکز کی جانب سے دیئے گئے راحت فنڈز کے بارے میں دریافت کرنا چاہتے تھے۔
بی جے پی رہنما نے ممتا حکومت پر مرکز کی جانب سے فراہم کردہ دو ہزار 200 کروڑ روپئے کے غبن کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’فنڈ کا پیسہ متاثرین تک نہیں پہنچا ہے جبکہ یہ ٹی ایم سی کارکنوں کی جیب میں چلا گیا‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں ہائیکورٹ نے بھی رپورٹ طلب کی ہے۔