کولکاتا/ اگرتلہ:ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے گزشتہ روز تریپورہ کے اپنے دو روزہ دورے کے موقع پر تریپورہ ٹورازم کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر تریپورہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ساتھ باضابطہ طور پر معاہدے پر دستخط کئے۔ انہوں نے منگل کو گومتی ضلع کے چابیمورا اور اگرتلہ کے مشہور اجینتا محل میں سیاحت کے لیے کچھ پبلسٹی ویڈیوز شوٹ کیے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مسٹر گنگولی نے کل رات وزیر اعلیٰ مانک ساہا سے ملاقات کی اور تریپورہ میں سیاحت کو فروغ دینے اور کرکٹ کی ترقی پر وسیع پیمانے پر بات چیت کی۔ ڈاکٹر ساہا نے کہاکہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے تریپورہ ٹورازم کا برانڈ ایمبیسیڈر بننے کی ہماری پیشکش کو قبول کیا ہے۔
ریاستی وزیر سیاحت سشانت چودھری نے کہا کہ اس کا مقصد دنیا بھر سے سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے ان کی (سورو گنگولی کی) وسیع مقبولیت اور اثر کا استعمال کرتے ہوئے تریپورہ میں سیاحت کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔