کولکاتا:آج سے پارلیمنٹ میں مانسون سیشن کا آغاز ہو رہا۔ حکمراں جماعت اور اور اپوزیشن کے درمیان تکرار ہونے کا امکان ہے۔ اپوزیشن چاہتی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس اجلاس میں منی پور کی صورتحال کے بارے میں بیان دیں۔ منی پور میں تشدد: منی پور میں گذشتہ تین مئی سے حالات خراب ہیں۔ اب تک وہاں سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ بنیادی طور پر منی پور میں حالات اس وقت سے خراب ہونے لگے جب سے وہاں میتی کمیونٹی کے خلاف تحریک شروع ہوئی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ریاست کی صورتحال کا جائزہ لیا لیکن اس کا زیادہ فائدہ نہیں ہوسکا۔ فوج اور نیم فوجی دستوں کو تعینات کر کے بھی حالات کو قابو میں نہیں لایا جا سکا۔ اگرچہ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ حالات معمول پر آ رہے ہیں۔
ڈیرک اوبرائن کی وزیراعظم پر تنقید
منی پور میں تشدد شروع ہونے کے بعد سے ہی اپوزیشن جماعتیں مرکزی حکومت کو نشانہ بنا رہیں ہیں۔ اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ مرکزی حکومت منی پور میں حالات کو معمول پر لانے کے لیے مناسب قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے منی پور کی صورتحال کو پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس پر بحث کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔