کولکاتا:مغربی بنگال کی حکمراں ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ وہ منگل کو ای ڈی کے سمن پر حاضر نہیں ہوں گے ۔کیوں کہ وہ دہلی میں ترنمول کانگریس کے احتجاج کی وجہ سے مصروف ہیں ۔ترنمو ل کانگریس 100دن کام کے اسکیم کی فنڈنگ روکے جانے کے خلاف ابھیشیک بنرجی کی قیادت میں پیر اور منگل کودہلی میں احتجاج کررہی تھی۔
بنگال کی حکمراں جماعت نے الزام لگایا تھا کہ ای ڈی کو ابھیشیک بنرجی کے پہلے سے طے شدہ پروگرام کا علم ہونے کےباوجود انہیں سمن جاری کیا گیا اور اس کا مقصد واضح ہے ۔منگل کو ابھیشیک بنرجی نے ڈویژن بنچ سے رجوع کیا اور پیشی سے بچنے کے لئے ہائی کورٹ کی سنگل بنچ کے حکم کو چیلنج کیا۔ قابل ذکر ہے کہ ابھیشیک کی ماں لتا بنرجی اور والد امیت بنرجی کو بھی ای ڈی نے اساتذہ تقرری گھوٹالہ میںپوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔ ای ڈی ذرائع کے مطابق ابھیشیک کی بیوی روجیرا کو بھی اگلے ہفتے طلب کیا گیا ہے۔
اس سے پہلے کلکتہ ہائی کورٹ نےلپس اینڈ باؤنڈز کیس میں ابھیشیک کی ماں لتا کی جائیداد کا حساب مانگا تھا۔ جسٹس امریتا سنگھ نے اس معاملے میں ای ڈی کی تحقیقات پر ناراضگی ظاہر کی تھی۔ انہوں نے کہاتھا اس تحقیقات کا نتیجہ صفر ہے۔ کیونکہ، ای ڈی کمپنی اور کمپنی کے سی ای او ابھیشیک کے بارے میں تفصیلات نہیں دے سکی ہے۔ جسٹس سنگھ نے اس سلسلے میں کچھ اور معلومات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ اس فہرست میں ابھیشیک کی والدہ لتا کی جائیداد کا ریکارڈ بھی شامل ہے۔