رائے گنج: مغربی بنگال میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سی بی آئی کی بدعنوانی کے مختلف معاملے میں جانچ جاری ہے۔ ایس ایس سی کے ذریعہ پرائمری اور اپر پرائمری اسکولوں میں اساتذہ کی تقرری میں بدعنوانی کی جانچ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے لیے گلے کی ہڈی بن چکی ہے۔ ایس ایس سی اسکام میں ترنمول کانگریس کے کئی رہنما اس وقت جیل میں ہیں جب کہ متعدد رہنماؤں کے خلاف جانچ جاری ہے۔ اسی درمیان شمالی دیناج پور ضلع کے رائے گنج سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی کرشنا کلیانی کے گھر پر ای ڈی نے چھاپہ ماری مہم چلائی۔
ذرائع کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے اہلکاروں نے بدھ کی صبح سات بجے رائے گنج سے رکن اسمبلی کرشنا کلیانی کے گھر پر چھاپہ ماری کی ۔ ای ڈی نے بیک وقت کرشنا کلیانی کے گھر، بلٹ شو روم، ترنمول کانگریس کے دفتر، کلیانی سولویکس، ٹرائب ٹی وی، وا بازار، پی آر ایم شاپنگ مال، ریلائنس اسمارٹ اور کرشنا کلیانی کے تمام کاروباری اداروں پر چھاپہ ماری کی۔