کولکاتا:درگا پوجا ختم ہونے کے ساتھ ہی مرکزی ایجنسی ایک بار پھر بنگال میں سرگرم ہوگئی ہے۔تاجر بقی الرحمن کی گرفتار ی کے بعد راشن کی تقسیم میں بدعنوانی کے معاملے میں وزیر جنگلات اور سابق وزیر خوراک جیوتی پریہ ملک کا نام سامنے آیا تھا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے افسران نے جمعرات کو علی الصبح سالٹ لیک میں وزیر کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ای ڈی جمعرات کی صبح سے سالٹ لیک کے بی سی بلاک کے ساتھ ساتھ دو مکانات (بی سی 244 اور بی سی 245) میں تلاشی کررہی ہے۔
جیوتی پریہ ملک کے گھر کے علاوہ ان کے معاون امیت کے ناگرابازار فلیٹ پر بھی ای ڈی تلاشی کررہی ہے۔مرکزی تفتیشی ایجنسی کی ٹیم جمعرات کی صبح تقریباً 6:30بجے جیوتری پریہ ملک کے گھر پہنچی۔ ای ڈی ناگربازار کے دو فلیٹوں میں گئی۔ ایک فلیٹ بھگوتی پارک علاقے میں ہے اور دوسرا فلیٹ سوامی وویکانند روڈ پر واقع ہے۔ ذرائع کے مطابق امیت دونوں فلیٹوں میں باری باری رہتے تھے۔ تاہم دونوں فلیٹس میں تالے لگے ہونے کی وجہ سےکئی گھنٹوں تک ای ڈی اس فلیٹ میں داخل نہیں ہوسکی ۔
ای ڈی کے افسران نے صبح سے آٹھ مقامات پر تلاشی کررہی ہے۔ ای ڈی اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ جیوتی پریہ ملک سے تاجر بقی الرحمن سے کوئی تعلق ہے یا نہیں ۔ ای ڈی نے راشن گھوٹالہ معاملے میں گزشتہ بدھ کی صبح سے کلکتہ میں بقی الرحمن کے فلیٹ میں تلاشی مہم شروع کی تھی۔ ای ڈی ذرائع کے مطابق بقی الرحمن کے فلیٹ سے سرکاری دفاتر کے 100 سے زیادہ ڈاک ٹکٹ ملے ہیں۔ خوراک کی فراہمی سے متعلق مختلف سرکاری اداروں کے 109 ڈاک ٹکٹ برآمد کئے گئے ۔ 53 گھنٹے کی تلاشی کے بعد سینٹرل انوسٹی گیشن ایجنسی گزشتہ جمعہ کو بقی الرحمن کے ساتھ اس کے فلیٹ سے باہر آئی۔ اس کے بعد ای ڈی نے مزید 11 گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد ہفتہ کی صبح گرفتار کیا۔