اردو

urdu

ETV Bharat / state

ممتا بنرجی کے خلاف دنیش ترویدی کی امیدواری کا امکان - mamata retain her chief minister’s post

ترنمول کانگریس کی طرف سے بھوانی پور اسمبلی سیٹ سے پارٹی نے وزیر اعلی ممتابنرجی کو بطور امیدوار انتخابی میدان میں اتا را ہے۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی قیادت اس سیٹ سے سات لیڈروں کے نام پر غور کررہی ہے۔

Dinesh Trivedi may contested against mamata banerjee in Bhawanipur
ممتا بنرجی کے خلاف دنیش ترویدی کی امیدواری کا امکان

By

Published : Sep 6, 2021, 7:11 PM IST

مغربی بنگال میں 30 ستمبرکو ہونے والے ضمنی انتخابات میں مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتابنرجی کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے سابق وزیر ریلوے دنیش ترویدی کی امیدواری کا امکان ہے۔

دراصل وزیر اعلی ممتابنرجی ریاست میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں نندی گرام کی سیٹ پر بی جے پی کے امیدوار سوبھیندو ادھیکاری سے ہار گئی تھیں لیکن الیکشن میں ترنمول کانگریس کو اکثریت ملی تھی جس کے بعد ممتا بنرجی نے تیسری باروزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لیا تھا۔ آئینی نظام کے سبب انہیں اپنے عہدے پر برقرار رہنے کے لیے چھ مہینے کے اندر اسمبلی کا رکن ہونا ضروری ہے جو حد پانچ نومبر کو ختم ہورہی ہے۔ اسی کے مدنظر الیکشن کمیشن کی طرف سے تین اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

ترنمول کانگریس کی طرف سے بھوانی پور اسمبلی سیٹ سے پارٹی نے وزیر اعلی بنرجی کو بطور امیدوار انتخابی میدان میں اتا را ہے۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی قیادت اس سیٹ سے سات لیڈروں کے نام پر غور کررہی ہے۔

وزیر اعلی ممتابنرجی کے خلاف بی جے پی کے امیدوار کے بارے میں پارٹی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہاکہ ہمارے یہاں امیدواروں کے انتخاب کا ایک عمل ہے اور اسی عمل کے بعد ریاست سے نام منتخب کیے جائیں گے۔ کچھ نام پیش کیے جاتے ہیں اور ان ناموں پر مرکزی قیادت حتمی فیصلہ کرتی ہے۔

ذرائع کے مطابق بی جے پی وزیر اعلی ممتابنرجی کے خلاف بھوانی پور سے جن سات ناموں پر غور کرہی ہے ان میں ترنمول کانگریس سے سابق راجیہ سبھا رکن اور سابق وزیر ریلوے دنیش ترویدی کا نام سب سے اوپر ہے۔ اس کے علاوہ ردرنیل گھوش کے نام پر بھی غور کیا جارہا ہے، جنہیں اسمبلی انتخابات میں اسی سیٹ سے ترنمول کانگریس کے سوون دیو چٹوپادھیائے نے شکست دی تھی۔ بی جے پی کی ہگلی سے رکن پارلیمنٹ اور بانگلا سنیما کی اداکارہ لاکٹ چٹرجی کے نام پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ وہیں میگھالیہ اور تریپورہ کے سابق گور نر اور مغربی بنگال میں پارٹی کے صدر رہ چکے سینئر لیڈر تتھاگت رائے، گول پور اسمبلی سیٹ سے امیدوار انربان گانگولی، سابق راجیہ سبھا رکن اور صحافی سوپن داس گپتا اور بی جے پی کے ریاستی نائب صدر پرتاپ بنرجی کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

بی جے پی کے ریاستی اکائی کے لیڈروں کاخیال ہے کہ ممتابنرجی کے سامنے مسٹر ترویدی زیادہ بہتر متبادل ہوں گے۔ دراصل اس سیٹ پر دو لاکھ سے زیادہ رائے دہندگان ہیں جن میں سے سمجھا جاتا ہے کہ پچاس ہزار بی جے پی کے حامی ہیں۔ ان میں بنگالی زبان کی آبادی کے ساتھ گجراتی، سکھ بہاری، مارواڑی اور دوسری کمیونٹی کے لوگ بھی شامل ہیں۔ امیدواری کے لیے مسٹر رائے کا نام بھی چل رہا ہے۔ سنہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں مسٹر رائے بی جے پی کی طرف سے کولکتہ جنوب سے امیدوار تھے اور اس میں ترنمول کانگریس سبرت بخشی سے انہیں شکست ملی تھی۔ حالانکہ اس الیکشن میں انہیں بھوانی پور اسمبلی حلقہ میں اچھی سبقت ملی تھی۔
خیال رہے کہ سنہ 2011 اور 2016کے اسمبلی انتخابات میں ممتابنرجی بھوانی پور سیٹ سے ہی جیتی تھیں۔ ترنمول کانگریس نے بھوانی پور سے ممتابنرجی، جانگی پور سے ذاکر حسین اور شمیشیر گنج سے امیر الاسلام کو اتارا ہے۔


یوا ین آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details